ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عراق سے فوجیں واپس نہیں بلائیں گے:اردغان،عالمی عدم تعاون کی صورت میں موصل کی جنگ میں متبادل آپشن موجود

عراق سے فوجیں واپس نہیں بلائیں گے:اردغان،عالمی عدم تعاون کی صورت میں موصل کی جنگ میں متبادل آپشن موجود

Sat, 15 Oct 2016 15:54:54    S.O. News Service

انقرہ،15؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نیکہا ہے کہ ان کا ملک شمالی عراق کے بعشیقہ کیمپ سے اپنی فوجیں واپس نہیں بلائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ عراق میں ترک فوج کی مداخلت کا مقصد دہشت گردوں کی سرکوبی ہے۔موصل کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لیے بین الاقوامی برادری کو تعاون کرنا ہوگا۔ اگرعالمی برادری کی طرف سے تعاون نہ کیا گیا ترکی کے پاس متبادل آپشن موجود ہیں۔ ترک صدر طیب ایردوآن نے جمعہ کے روز قونیہ شہر میں اپنے حامیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اپنے اتحادی ممالک سے آئندہ چند روز میں موصل کو دہشت گردوں سے چھڑانے کے لیے جنگ میں شمولیت کی دعوت دے گا۔ اگر اتحادی ممالک نے مدد نہ کی تو ترکی کے پاس متبادل تزویراتی آپشن موجود ہیں تاہم انہوں نے متبادل اقدامات کی تفصیل نہیں بتائی۔

خیال رہے کہ عراق کے شہر موصل پر داعش کا قبضہ چھڑانے کیلیے ایک طرف ترک فوج پرتول رہی ہے اور دوسری جانب عراقی فوج امریکا کی معاونت سے الگ سے اس شہر میں آپریشن کے لیے تیار ہے۔ توقع ہے کہ عراقی فورسز اسی ماہ موصل کی طرف پیش قدمی شروع کریں گی۔ اس کے باوجود ترکی اور عراق کے درمیان موصل کے معرکے کے حوالے سے شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطول نے اپنی ایک سابقہ رپورٹ میں بتایا تھا کہ شمالی عراق کے بعشیقہ فوجی کیمپ میں ترک فوج کی زیرنگرانی جن عراقی جنگجوؤں کو عسکری تربیت فراہم کی گئی ہے وہ موصل کو داعش سے چھڑانے کے معرکے میں شامل ہیں۔


Share: